ڈسٹرکٹ یوتھ آفس لوئر چترال کے زیر اہتمام پانچ روزہ آرٹ و کاروباری تربیتی ورکشاپ مکمل

چترال (چ، پ) ڈسٹرکٹ یوتھ آفس لوئر چترال نے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی ہدایات اور تعاون سے نوجوانوں کی فنی و کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے لیے پانچ روزہ "پینٹنگ آرٹ، خطاطی اور فروغ کاروبار” تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔
ورکشاپ میں نوجوان خواتین نے خصوصی طور پر شرکت کی، جہاں انہیں پینٹنگ آرٹ، خطاطی، کاروباری منصوبہ بندی، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای کامرس سے متعلق عملی تربیت فراہم کی گئی۔ پینٹنگ اور خطاطی کی تربیت معروف ٹرینر انہا الرحمن نے دی، جبکہ بزنس اور مارکیٹنگ کے سیشنز محمد نایاب نے کرائے۔
تربیتی پروگرام کے دوران شرکاء کو اپنی تخلیقات کی آن لائن فروخت کے لیے بھی عملی سہولت فراہم کی گئی۔ اس مقصد کے تحت قشقار کے زیر انتظام ای کامرس پلیٹ فارم "چترال شاپ ڈاٹ کام” پر تمام شرکاء کے آن لائن اسٹورز قائم کیے گئے، جہاں وہ اپنی مصنوعات فروخت کر سکیں گے، جبکہ پلیٹ فارم کی تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔
ورکشاپ کے اختتام پر منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر لوئر چترال تھے۔ اس موقع پر شرکاء کی تیار کردہ پینٹنگز، اسکیچز اور خطاطی کے فن پاروں کی نمائش بھی پیش کی گئی، جسے حاضرین نے سراہا۔
اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نے ڈسٹرکٹ یوتھ آفس کی کاوش کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان حاصل شدہ مہارتوں کو عملی زندگی میں بروئے کار لا کر انہیں باعزت روزگار اور خود روزگاری کا ذریعہ بنائیں۔
تقریب میں ضیاء الرحمٰن (سی ای او، ضیاء الہنر)، ہدایت اللہ (چیئرمین، روز چترال)، فدا الرحمٰن (ڈائریکٹر، اسامہ وڑائچ کیریئر اکیڈمی) اور محمد نایاب (سی ای او، قشقار بزنس اینڈ ٹی وی) سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے نوجوانوں میں ہنر، تخلیقی صلاحیتوں اور کاروباری سوچ کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ یوتھ آفس کی اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔
تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ نوجوانوں کی فنی و پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے اور خود روزگاری کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مستقبل میں بھی اس نوعیت کی تربیتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔