قاری جمال عبدالناصر کی درخواست پر کارروائی، چترال میں مسافر گاڑیوں کی اوورلوڈنگ کے خلاف محکمہ حرکت میں آگیا

اشتہارات

پشاور (میڈیا ڈیسک) ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) مالاکنڈ ڈویژن نے ضلع لوئر اور اپر چترال میں مسافر گاڑیوں کی اوورلوڈنگ، تیز رفتاری، غیر معیاری نشستوں کے استعمال اور مقررہ کرایوں سے زائد وصولی کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

آر ٹی اے سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکاری یادداشت کے مطابق چترال کے رہائشی معروف مذہبی، سیاسی و سماجی شخصیت قاری جمال عبدالناصر کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس افسران (ڈی پی اوز) لوئر اور اپر چترال کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ بغیر روٹ پرمٹ، بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور زائد کرایہ وصول کرنے والی گاڑیوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کرتے ہوئے انہیں ضبط کریں۔

یادداشت میں کہا گیا ہے کہ بعض کوسٹر مالکان گاڑیوں میں غیر قانونی فولڈنگ سیٹیں نصب کرکے مسافروں کی تعداد میں اضافہ کر رہے ہیں، جس سے نہ صرف مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ سفری تحفظ بھی متاثر ہو رہا ہے۔ مزید برآں، بعض ٹرانسپورٹرز مقررہ نرخوں سے زائد کرایہ وصول کر رہے ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے صرف چالان کیے جانے کے باوجود گاڑیوں کی ضروری دستاویزات کی جانچ مؤثر انداز میں نہیں کی جا رہی، جس کے باعث خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

آر ٹی اے نے اپنے مراسلے میں ان بے ضابطگیوں کو عوامی مفاد اور مسافروں کی سہولت کے لیے سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو سخت قانونی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ کارروائی کے نتیجے میں ٹریفک نظم و ضبط میں بہتری آئے گی، غیر قانونی ٹرانسپورٹ سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی ہوگی اور مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔

یاد رہے کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے جنوری 2026 میں بھی اسی نوعیت کی شکایات کے حوالے سے متعلقہ حکام کو مراسلہ ارسال کیا تھا، تاہم شکایات میں مسلسل اضافے کے باعث اب دوبارہ سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں۔