چترال ٹاؤن میں غیر قانونی پانی کنکشنز کے خلاف کارروائی، عوام سے تعاون کی اپیل

چترال (بشیرحسین آزاد) واٹر اینڈ سنی ٹیشن یونٹ (WSU) ٹی ایم اے چترال نے گولدور کے علاقے میں غیر قانونی پانی کے کنکشنز کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس مہم کا مقصد پانی کی چوری کی روک تھام اور تمام صارفین کو پانی کی منصفانہ اور مساوی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
حکام کے مطابق غیر قانونی کنکشنز کی وجہ سے پانی کی تقسیم کا نظام متاثر ہو رہا تھا، جس کے باعث متعدد علاقوں کے رہائشیوں کو پانی کی قلت کا سامنا تھا۔ جاری آپریشن کے دوران غیر قانونی کنکشنز کی نشاندہی کرکے انہیں منقطع کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ٹی ایم او چترال حیدر ایوب خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی پانی کنکشنز کی نشاندہی اور ان کی روک تھام میں محکمہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔
انہوں نے کہا کہ گرمیوں کے موسم میں پانی کے استعمال میں اضافہ ہونے کی وجہ سے پانی کی کمی کا مسئلہ درپیش رہتا ہے، لہٰذا غیر قانونی کنکشنز کے خلاف جاری مہم کو کامیاب بنانے میں عوام اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پانی کے نلکوں اور پائپ لائنوں میں لیکیج کی بروقت مرمت اور روک تھام بھی انتہائی ضروری ہے تاکہ پانی کے ضیاع کو کم کیا جا سکے اور دستیاب وسائل سے زیادہ سے زیادہ شہری مستفید ہو سکیں۔
ٹی ایم او حیدر ایوب خان نے غیر قانونی کنکشن استعمال کرنے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس عمل سے باز رہیں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پانی کی چوری اور غیر قانونی استعمال کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہیں گی تاکہ تمام شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔