تحریک تحفظ آئین پاکستان کی کال پر تحریک انصاف کا دروش میں احتجاجی مظاہرہ
احتجاجی مظاہرے کی قیادت ضلعی صدر ایم پی اے فاتح الملک علی ناصر اور جنرل سیکرٹری سید فرید جان نے کی

دروش (چ،پ) تحریک تحفظِ آئینِ پاکستان کی کال پر تحریک انصاف کے زیرِ اہتمام جمعہ کے روز بعد از نمازِ جمعہ ختم نبوت چوک دروش میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت صدر پاکستان تحریک انصاف لوئر چترال فاتح الملک علی ناصر اور جنرل سیکرٹری سید فرید جان نے کی۔
احتجاجی مظاہرے میں پاکستان تحریک انصاف دروش کے کارکنان، ضلعی و تحصیلی کابینہ کے اراکین، یوتھ ونگ کے نمائندوں اور دیگر رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین نے باجوڑ میں حالیہ ڈرون حملے کی مذمت کرتے ہوئے ملک میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ مقررین نے سابق وزیرِاعظم عمران خان کی صحت کے حوالے سے خدشات کا ذکر کرتے ہوئے ان سمیت دیگر زیرِ حراست پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
مقررین نے کہا کہ عمران خان کو اُن کے اہلِ خانہ اور ذاتی معالجین تک بلا رکاوٹ رسائی فراہم کی جائے۔ احتجاج کے دوران ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، سیاسی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
شرکاء نے مطالبہ کیا کہ حکومت سیاسی کشیدگی کے خاتمے، آئین و قانون کی بالادستی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرے۔