شیراٹی قتل واقعہ، پولیس نے کامیاب کاروائی کے دوران دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، آلہ قتل برآمد

چترال(چ،پ) لوئر چترال پولیس نے آلون بانڈہ دوباژ شیشی کوہ میں پیش آنے والے قتل کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزمان کو مشکل گزار پہاڑی علاقے سے گرفتار کرلیا ہے۔
ایکٹنگ ڈی۔پی۔او لوئر چترال عتیق الرحمن نے شیراٹی شیشی کوہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کے لئے ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل دروش رحمان یوسف کو خصوصی ٹاسک دیا تھا۔
ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل دروش رحمان یوسف کی سربراہی میں ایس۔ایچ۔او تھانہ دروش SI ابرار احمد اور تفتیشی آفیسر عبدالہادی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مشکل اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کا سفر کرکے ملزم تک رسائی حاصل کرکے کامیاب کارروائی کے دوران واقعے میں ملوث ملزمان میر اعظم خان اور محمد نور پسران سید احمد ساکنان شیراٹی شیشی کوہ کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا۔
ایکٹنگ ڈی۔پی۔او لوئر چترال عتیق الرحمان نے ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل دروش ، ایس ایچ او تھانہ دروش اور ان کی ٹیم کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے۔