جے یوآئی ضلع لوئر چترال انتخابات؛ مولانا عبدالرحمٰن ضلعی امیر اور عبدالمجید جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے

چترال (چ،پ) جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ضلع لوئر چترال کے ضلعی انتخابات ہفتہ کے روز مدرسہ تحفیظ القرآن چترال میں صوبائی امیر جے یو آئی خیبرپختونخوا سینیٹر مولانا عطاء الرحمٰن کی نگرانی میں منعقد ہوئے، جن میں جماعتی اراکین نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ انتخابی عمل کے دوران مجموعی طور پر 491 اراکین نے اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔
ضلعی امارت کے لیے سابق رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا عبدالرحمٰن اور سابق ضلع نائب ناظم مولانا عبدالشکور کے درمیان مقابلہ ہوا۔
جماعتی ذرائع کے مطابق مولانا عبدالرحمٰن نے 273 ووٹ حاصل کرکے ایک بار پھر ضلعی امیر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ مولانا عبدالشکور 218 ووٹ حاصل کرسکے۔
اسی طرح ضلعی جنرل سیکرٹری کے عہدے کے لیے چار امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا، جن میں عبدالمجید خان، حافظ انعام میمن، سابق تحصیل ناظم مولانا محمد الیاس اور قاضی محمد نسیم شامل تھے۔
جماعتی ذرائع کے مطابق عبدالمجید خان 166 ووٹ حاصل کرکے ضلعی جنرل سیکرٹری منتخب قرار پائے، جبکہ حافظ انعام میمن نے 163، مولانا محمد الیاس نے 96 اور قاضی محمد نسیم نے 66 ووٹ حاصل کیے۔
انتخابات کے اختتام پر صوبائی امیر جے یو آئی خیبرپختونخوا سینیٹر مولانا عطاء الرحمٰن نے نو منتخب ضلعی امیر اور جنرل سیکرٹری سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔
واضح رہے کہ جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امارت و جنرل سیکرٹری کے انتخابات پچھلے سال ہوئے تھے جس میں مولانا عبدالشکور ضلعی امیر اور مولانا محمد الیاس جنرل سیکرٹری منتخب کر لئے گئے تھے تاہم بعد ازاں دستوری نشاندہی پر چھ مہینے بعد ضلعی کابینہ تحلیل کر دیا گیا اور نئے انتخابات کا اعلان کیا گیا تھا۔