چترال انتظامیہ کا ایکشن، منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ، 3 ایم پی او کے تحت کاروائی شروع
چترال کے نوجوانوں کی زندگیوں سے کھیلنے والوں کو نہیں بخشا جائے گا، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال

چترال (چ،پ) لوئر چترال میں منشیات کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، بدنام زمانہ اور عادی منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نے صوبائی محکمہ داخلہ کو ہنگامی خط ارسال کرتے ہوئے سخت قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم نے چترال پولیس کی سفارشات کی روشنی میں کم از کم سات بدنام زمانہ اور سرگرم منشیات فروشوں کے خلاف دفعہ 3 ایم پی او کے تحت کریک ڈاؤن کیلئے باضابطہ مراسلہ ارسال کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان عناصر کے خلاف الگ الگ کیسز تیار کر کے فوری کارروائی کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔
نامزد افراد میں عبدالحمید (سکنہ چکیدام دروش)، معین الدین ولد حاجی خان (سکنہ مستجپاندہ)، عبیداللہ ولد حبیب اللہ (سکنہ مستجپاندہ)، عبدالکریم ولد میربائض خان (سکنہ فیض آباد)، ارسلان احمد ولد عبدالحمید (سکنہ ریحانکوٹ)، عالمگیر خان ولد غلام دشمان (سکنہ خورکشاندہ) اور شاہ بلیغ الدین ولد نصیر الدین (سکنہ جغور) شامل ہیں، جن کے خلاف گھیرا مزید سخت کیا جا رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح پیغام دیا ہے کہ نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیلنے والے ان سماج دشمن عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لا کر نشانِ عبرت بنایا جائے گا۔
دوسری جانب عوامی حلقوں نے اس جرات مندانہ اقدام کو بھرپور سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس مہم کو مزید تیز اور وسیع کیا جائے تاکہ چترال کو منشیات جیسی لعنت سے مکمل پاک کیا جا سکے۔