مارننگ شوز اور ڈراموں میں”غیر اخلاقی مواد” پر تشویش، جے یو آئی کا پیمرا سے نوٹس لینے کا مطالبہ

اشتہارات

اسلام آباد(چ،پ) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے نجی ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والے مارننگ شوز اور ڈراموں میں مبینہ طور پر غیر اخلاقی مواد پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے معاشرتی اقدار کے منافی قرار دیا ہے۔

جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے اپنے بیان میں کہا کہ میڈیا کو آزادیٔ اظہار کے ساتھ ساتھ اپنی سماجی، اخلاقی اور قومی ذمہ داریوں کا بھی احساس کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق بعض پروگراموں میں ایسے مناظر اور موضوعات پیش کیے جا رہے ہیں جو خاندانی نظام اور مشرقی روایات کے لیے نقصان دہ ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ "اسلامی معاشرے کے خلاف سازشوں” میں بعض حکومتی وزراء سے منسلک چینلز بھی پیش پیش ہیں، جبکہ غیر اسلامی اور غیر شرعی قانون سازی کے بعد یہ اقدامات ملک کو سیکولر بنانے کی ایک منظم کوشش کا حصہ ہیں۔

اسلم غوری نے پیمرا اور دیگر سنسرشپ اداروں کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کے خلاف بیانات پر فوری نوٹس لینے والا ادارہ اس معاملے میں خاموش کیوں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں میڈیا پر نشر ہونے والے بعض پروگراموں کو اہلِ خانہ کے ساتھ بیٹھ کر دیکھنا مشکل ہو گیا ہے۔

ترجمان جے یو آئی نے مزید کہا کہ ملکی میڈیا پر دانستہ طور پر مشرقی اقدار، حیا اور خاندانی روایات کو پامال کیا جا رہا ہے، جو کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے لمحۂ فکریہ ہے۔

انہوں نے پیمرا سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لے اور ایسے مواد کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔