ڈپٹی اسپیکر ثریا بی بی کی موجودگی میں پی ٹی آئی اپر چترال کا ڈپٹی کمشنر و سرکاری محکموں کے سربراہان کیساتھ اجلاس، ترقیاتی منصوبے زیر غور آئے

اجلاس کے دوران اپر چترال میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اشتہارات

اپر چترال(چ،پ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپر چترال کی ضلعی کابینہ کا ایک اہم اجلاس ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا ثریا بی بی کی موجودگی میں منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر محمد عمران خان اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

پاکستان تحریک انصاف اپر چترال کے سیکرٹری اطلاعات خواجہ خلیل کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ڈی سی آفس اپر چترال میں ہونے والے اس اجلاس میں ایکسین و ایس ڈی او ایریگیشن ڈویژن چترال، سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ اپر چترال، پبلک ہیلتھ ڈویژن چترال، اے ڈی آر ڈی ڈی اپر چترال کے علاوہ ٹی ایم او مستوج اور ٹی ایم او موڑکہو/تورکہو بھی شریک ہوئے۔

اجلاس کے دوران اپر چترال میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ہدایت کی گئی کہ جن منصوبوں کے ٹینڈرز مکمل ہو چکے ہیں، ان پر فوری طور پر عملی کام کا آغاز کیا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ آئندہ بجٹ میں اپر چترال کی ترقیاتی اسکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے گا۔

متعلقہ حکام کے مطابق سی اینڈ ڈبلیو، آر ڈی ڈی اپر چترال اور ایریگیشن چترال کے تحت جن منصوبوں کے ٹینڈرز مکمل ہو چکے ہیں اور کنٹریکٹرز کو ورک آرڈر جاری کیے جا چکے ہیں، ان پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔

مزید برآں، صوبائی حکومت کی جانب سے ایم این اے چترال عبداللطیف کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی جلد عملدرآمد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسی طرح اے ایس ڈی آئی اے ڈی پی کے تحت تحصیل ناظمین کے ذریعے منظور شدہ منصوبوں پر فوری پیش رفت یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی اولین ترجیح عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے، جس کے لیے صوبائی قیادت اور ضلعی تنظیم مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔