اپر چترال میں یونیورسٹی کا قیام، وزیر اعظم سیکرٹریٹ سے ڈائریکٹیوز جاری

چترال (چ،پ) وفاقی حکومت نے اپر چترال میں یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے پیش رفت تیز کرنے کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں اور وزیر اعظم سیکرٹریٹ سے ڈائریکٹیوز جاری کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں سابق رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شہزادہ افتخار الدین کی خصوصی درخواست پر وفاقی وزارتِ تعلیم کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے دورۂ چترال کے موقع پر اعلان کردہ منصوبوں پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق ان منصوبوں میں اپر چترال میں یونیورسٹی کا قیام، یونیورسٹی آف چترال کے لیے فنڈز کی فراہمی، اور دانش اسکول کے حوالے سے ٹینڈرنگ کے عمل کو آگے بڑھانا شامل ہے۔
وفاقی حکومت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ان منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کر کے عملی پیش رفت یقینی بنائی جائے۔
واضح رہے کہ ان امور کے حوالے سے سابق ایم این اے شہزادہ افتخار الدین نے وزیر اعظم پاکستان کو ایک تحریری مراسلہ ارسال کیا تھا، جس میں نشاندہی کی گئی کہ وزیر اعظم کے اعلان کردہ منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر کی جا رہی ہے۔
مراسلے میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا کہ اپر چترال میں یونیورسٹی کے قیام کے معاملے پر خیبر پختونخوا حکومت کے محکمۂ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے حقائق کے برعکس موقف پیش کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے منصوبہ تعطل کا شکار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی حالیہ ہدایات کے بعد اپر چترال میں تعلیمی ترقی کے ان اہم منصوبوں پر جلد عملی پیش رفت متوقع ہے۔