اگیگا چترال لوئر کے وفد کی تنظیم کے صوبائی چیئرمین پروفیسر عبدالحمید آفریدی سے پشاور میں ملاقات

پشاور (نامہ نگار) آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا) چترال لوئر کے کابینہ عہدیداران نے چیئرمین اگیگا چترال لوئر ضیاء الرحمن کی قیادت میں چیئرمین اگیگا خیبر پختونخوا پروفیسر عبد الحمید آفریدی سے ان کے دفتر گورنمنٹ کالج پشاور میں ملاقات کی۔
ملاقات میں وائس چیئرمین اگیگا وقار احمد اور صدر سپورٹنگ اسٹاف ہائر ایجوکیشن شہباز علی شاہ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر پٹواریوں اور قانونگویان کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ بالخصوص خیبر پختونخوا میں پٹواریوں اور قانونگویان کی اپ گریڈیشن کے دیرینہ مطالبے پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
وفد نے اس حوالے سے درپیش مشکلات اور ملازمین کے تحفظات سے چیئرمین اگیگا خیبر پختونخوا کو آگاہ کیا۔
چیئرمین اگیگا خیبر پختونخوا پروفیسر عبد الحمید آفریدی نے مسائل کے حل اور اپ گریڈیشن کے معاملے پر عملی اقدامات اور ٹائم اسکیل دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ پٹواریوں اور قانونگویان کے جائز مطالبات کے حل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔
صدر انجمن پٹواریان و قانونگویان ڈسٹرکٹ چترال اور سیکرٹری اطلاعات اگیگا ڈسٹرکٹ سعود احمد آزاد قاشقاری نے کہا کہ اپ گریڈیشن کا مسئلہ پٹواریوں اور قانونگویان کا ایک دیرینہ مطالبہ ہے، جس کے حل کے لیے اگیگا خیبر پختونخوا کی قیادت کا کردار قابل تحسین ہے۔
انہوں نے اپنی اور انجمن پٹواریان و قانونگویان خیبر پختونخوا کی جانب سے چیئرمین اگیگا خیبر پختونخوا کا شکریہ ادا کیا۔