ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دروش کی زیر صدارت تار شیشی کوہ میں کھلی کچہری کا انعقاد

عوامی مسائل زیرِ غور، دو اہم معاملات موقع پر حل کر دئیے گئے

اشتہارات


دروش (چ،پ) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی ہدایات پر شیشی کوہ ویلی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جسکی صدارت ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر دروش خلیل اللہ نے کی۔

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ ہائی اسکول تار شیشی کوہ منعقد ہونے والے اس کھلی کچہری میں مختلف محکموں کے افسران، مقامی نمائندگان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کھلی کچہری میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاوی ہائیڈرو پاور پروجیکٹ، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، ایس ڈی او کمیونیکیشن اینڈ ورکس کے نمائندے، ایس ڈی ای او (میل)، محکمہ آبپاشی کے نمائندے، انچارج بنیادی صحت مرکز (بی ایچ یو)، انچارج سول ڈسپنسری، انچارج ویٹرنری ہسپتال، ریونیو اسٹاف اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔

اجلاس کے دوران عوام نے اپنے اپنے علاقوں سے متعلق مختلف مسائل کی نشاندہی کی، جن میں سڑکوں کی خراب حالت، بنیادی سہولیات اور دیگر انتظامی امور شامل تھے۔ بعض مسائل کو متعلقہ محکموں کی جانب سے اعلیٰ حکام کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

کھلی کچہری کے دوران دو اہم مسائل موقع پر ہی حل کر لیے گئے اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لاوی ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو ہدایت کی گئی کہ بالخصوص ماہِ رمضان کے دوران سڑکوں کی بروقت بحالی اور صفائی کے لیے مشینری تعینات کی جائے، اسکے علاوہ ایس ڈی او سی اینڈ ڈبلیو نے آگاہ کیا کہ پٹی گل میں شدید برفباری کے بعد متاثرہ سڑک کی بحالی کے لیے ایکسکیویٹر پہلے پہنچا دیا گیا ہے ۔

عوامی حلقوں نے کھلی کچہری کے انعقاد اور فوری اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باقی مسائل کے حل کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جائیں گے۔