چترال میں ٹریفک مسائل اور کرایہ نامے کے حوالے سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا

چترال (بشیر حسین آزاد) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی خصوصی ہدایات پر لوئر چترال میں ٹریفک مینجمنٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک اہم کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کچہری کی صدارت ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اور ٹریفک مجسٹریٹ عیسیٰ محمد خان نے کی۔
کھلی کچہری میں عوامی نمائندگان، ٹرانسپورٹرز، ڈرائیورز، اڈہ مالکان، ڈرائیور یونین کے عہدیداران، ٹریفک پولیس، سول سوسائٹی اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس کھلی کچہری کا بنیادی مقصد رمضان المبارک اور عیدالفطر کے دوران عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی، ٹریفک کے نظم و ضبط کو یقینی بنانا اور ٹرانسپورٹرز کے جائز مطالبات کا جائزہ لینا تھا۔
کچہری کے دوران عوام اور ٹرانسپورٹرز نے اپنے مسائل اور تحفظات کا کھل کر اظہار کیا۔ شرکاء کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات اور گاڑیوں کے سپیئر پارٹس کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے باعث کرایہ نامے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ سڑکوں کی خستہ حالی کے سبب گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصانات اور سفر کے دورانیے میں اضافے کی شکایات بھی سامنے آئیں۔
رمضان اور عید کے ایام میں شہر کے اندر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر حکمت عملی ترتیب دینے پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مجاز اتھارٹی جلد نظرثانی شدہ کرایہ نامہ جاری کرے گی۔ ٹرانسپورٹرز نے اس موقع پر سرکاری ٹریفک پلان اور انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔
عوام کی سہولت اور تحفظ کے پیش نظر غیر قانونی تجاوزات، زائد کرایہ وصول کرنے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
کھلی کچہری کے اختتام پر شرکاء نے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کی براہِ راست گفتگو مستقبل میں عوامی مسائل کے مؤثر اور دیرپا حل میں مددگار ثابت ہوگی۔
اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ محمد خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور نظم و ضبط کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔