ڈسٹرکٹ لوئر چترال جوڈیشری میں تین بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا گیا

چترال (بشیرحسین آزاد) پشاور ہائی کورٹ کے اصلاحاتی وژن کے تحت ضلع عدالت چترال لوئر میں ایک تاریخی سنگ میل عبور کر لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چترال لوئر، محترمہ شہناز حمید خٹک نے تین اہم منصوبوں, مصالحتی مرکز (ADR Centre)، ضلعی مال خانہ اور ڈسٹرکٹ بار کے لیے 6-KV سولر سسٹم، کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر چترال لوئر، ایس پی انوسٹی گیشن، سینئر سول ججز، ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اور وکلاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محترمہ شہناز حمید خٹک نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد عوام کو دہلیز پر سستا اور فوری انصاف فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مطابق مصالحتی مرکز (ADR) مرکز کے قیام سے عائلی اور دیگر چھوٹے تنازعات کو عدالت سے باہر باہمی رضامندی سے حل کیا جا سکے گا جس سے عدالتی بوجھ میں کمی اور سائلین کے وقت و پیسے کی بچت ہوگی۔
اسی طرح ضلعی سطح پر مال خانہ کے قیام سے مقدمات کے شواہد اور منشیات جیسے حساس مالِ مقدمہ کی محفوظ نگہداشت اور عدالتی شفافیت یقینی ہوگی۔
انہوں نے سولر سسٹم کی تنصیب کے منصوبے کے حوالے سے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار کے لیے 6-KV سولر سسٹم کی تنصیب سے لوڈشیڈنگ کے باوجود عدالتی امور اور وکلاء کے کام میں تعطل پیدا نہیں ہوگا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صاحبہ نے مزید کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ چترال جیسے دور افتادہ ضلع میں انصاف کی فراہمی کو شفاف، مؤثر اور عوام دوست بنایا جائے۔
درایں اثناء چترال کے عوامی اور قانونی حلقوں نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے عدالتی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔