ریشن پاور ہاؤس کے صارفین شدید لوڈشیڈنگ سے پریشان، دورانیہ دس گھنٹے سے تجاوز
گولین پاور ہاوس سے مہیا ہونے والے بجلی کا وولٹیج بھی نہایت کم ہے، حکام توجہ دیں

اپر چترال( محمد آصف) ریشن پاور ہاؤس سے بجلی حاصل کرنے والے صارفین کو شدید لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق روزانہ دس گھنٹے سے زائد بجلی غائب رہتی ہے، جبکہ رات تین بجے سے دوپہر دو بجے تک گولین پاور ہاؤس سے موڑکھو ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے بیار سائیڈ کو فراہم کی جانے والی بجلی کی وولٹیج 140 سے بھی کم ریکارڈ کی جا رہی ہے، جو صارفین کے لیے ناکافی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس متعلقہ حکام نے پانی کی کمی کو لوڈشیڈنگ کی بنیادی وجہ قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ایک ندی سے آنے والی پانی کی ترسیل منقطع ہونے کے باعث بجلی کی پیداواری صلاحیت متاثر ہوئی۔ اس موقع پر حکام نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پائپ لائن کے ذریعے ضائع ہونے والے پانی کو بجلی گھر میں شامل کر کے پیداوار بڑھائی جائے گی، جس کے لیے ٹینڈر کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا تھا۔
اب، جب مذکورہ پائپ لائن کے ذریعے پانی کی ترسیل بحال ہو چکی ہے، اس کے باوجود لوڈشیڈنگ کا جاری رہنا صارفین کے مطابق ناانصافی کے مترادف ہے۔ عوامی حلقوں میں یہ سوال بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ آیا ندی سے ڈیم تک پائپ لائن معیاری اور درست طریقے سے بچھائی گئی ہے یا نہیں۔ لاکھوں روپے کے اخراجات کے باوجود بجلی کی پیداوار میں غیر معمولی کمی اور دس گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کو افسوسناک قرار دیا جا رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے سیاسی قیادت، متعلقہ محکموں اور ڈپٹی کمشنر اپر چترال سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ناروا لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔