لکڑی کے نقل و حمل پر پابندی کے فیصلے پر نظرِ ثانی کا خیرمقدم کرتے ہیں/ارشاد عالم مکرر

دروش (جہانزیب) عوامی احتجاج اور سوشل میڈیا پر بھرپور مہم کے بعد دروش انتظامیہ نے شاہ بلوط کی لکڑی کی ترسیل پر عائد متنازع پابندی پر فوری طور پر نظرِ ثانی کرتے ہوئے اس میں نرمی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کو علاقے کے عوام کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے ضلعی نائب صدر ارشاد عالم مکرر نے اس موقع پر اپنے خصوصی بیان میں اسسٹنٹ کمشنر دروش کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کی حساسیت کو سمجھتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کرنا ایک دانشمندانہ اور قابلِ تحسین قدم ہے۔ انہوں نے کہا ہم عوامی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے اپنے آرڈر پر نظرِ ثانی کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر دروش کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
عمائدینِ دروش کے ساتھ ہونے والی اہم میٹنگ میں اسسٹنٹ کمشنر نے عوام کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے لکڑی کی گاڑیوں پر عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ کیا۔
اس اقدام سے بالخصوص غریب طبقے کو ریلیف ملے گا جو سرد موسم اور آنے والے ماہِ رمضان میں ایندھن کی ممکنہ قلت کے خدشے سے دوچار تھا۔
ارشاد عالم مکرر نے انتظامیہ کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی عوامی مسائل کو اسی جذبے اور مشاورت کے ساتھ حل کیا جائے گا۔