بہترین کارکردگی کا صلہ؛ حیدر ایوب کو ٹی ایم اے دروش کا اضافی چارج سونپ دیا گیا

چترال (چ،پ)حکومتِ خیبر پختونخوا کے محکمہ لوکل گورنمنٹ، الیکشن و دیہی ترقی (لوکل کونسل بورڈ) نے ایک باضابطہ اعلامیے کے ذریعے تحصیل میونسپل آفیسر (TMO) چترال حیدر ایوب کو ان کی مثالی پیشہ ورانہ کارکردگی کے اعتراف میں ٹی ایم اے دروش کا اضافی چارج تفویض کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق حیدر ایوب نے بطور ٹی ایم او چترال نہایت قلیل مدت میں مؤثر انتظامی صلاحیتوں، بہتر بلدیاتی نظم و نسق اور عوامی خدمت کے جذبے کا عملی مظاہرہ کیا، جس کے پیشِ نظر مفادِ عامہ میں انہیں تحصیل دروش کی اضافی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
یہ تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہو چکی ہے اور وہ اگلے احکامات تک دونوں تحصیلوں میں اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے حیدر ایوب کی تقرری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ دروش میں بھی بلدیاتی مسائل کے حل، شہری سہولیات کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔