چترال پولیس تھانہ ایون کی کاروائی، 24 لیٹر دیسی شراب اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، ملزمان گرفتار
ملزمان بمبوریت سے دیسی شراب چترال شہر منتقل کر رہے تھے، پولیس نے دھر لیا، مقدمہ درج

چترال (چ،پ) چترال پولیس تھانہ ایون نے ایک کاروائی کے دوران دیسی شراب اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ ایون کی پولیس نے ناکہ بندی کے دوران بمبوریت سے چترال شہر جانے والی گاڑی کے ذریعے 24 لیٹر دیسی شراب اسمگل کرنے کی کوشش کوناکام بناتے ہوئے ملزمان کو دھر لیا۔
لوئر چترال پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال رفعت اللہ خان (PSP) کے خصوصی احکامات پر لوئر چترال پولیس کی جانب سے منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف ٹارگٹڈ کاروائیاں جاری ہیں۔
اس سلسلے میں ایس۔ڈی۔پی۔او سرکل بمبوریت حسن اللہ اور ایس۔ایچ۔او تھانہ ایون SI عطاء الرحمن کی سربراہی میں ASI محمد اسرار نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ دوران ناکہ بندی دیسی شراب بمبوریت سے چترال لانے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان میں عنایت الرحمن، نورالدین ، محمد آصف ساکنان تورکھو اور ایثار حسین سکنہ پرواک، عزیز حسین شاہ سکنہ سنگور سے شامل ہیں جن کے خلاف تھانہ ایون میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔