وزیر کھیل و امورِ نوجوانان کا دورہ اپر چترال، پولو کھلاڑیوں میں فی کس پانچ لاکھ روپے کے چیکس تقسیم

اپر چترال(چ،پ) خیبرپختونخوا کے وزیرِ کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند نے سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس کے ہمراہ اپر چترال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پولو کھلاڑیوں اور شرکاء سے خطاب کیا اور پولو کھلاڑیوں میں صوبائی حکومت کی طرف سے نقد انعامات تقسیم کئے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف اپر چترال کے صدر شہزادہ سکندرالملک نےمہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں چترال کی روایتی ٹوپی اور چوغہ پہنایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چترال پولو ایسوسی ایشن کے صدر شہزادہ سکندرالملک نے وزیر کھیل کو چترال میں پولو کے فروغ، کھلاڑیوں کو درپیش سہولیات کی کمی، اور پولو گراؤنڈز کی تعمیر و مرمت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیرِ کھیل تاج محمد خان ترند نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولو چترال کی پہچان ہے اور یہاں کے کھلاڑیوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، جو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پولو کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ کی قدر کرتی ہے اور ان کی بھرپور سرپرستی جاری رکھی جائے گی۔
اس موقع پر صوبائی حکومت کی جانب سے چترال کے پولو کھلاڑیوں میں فی کس پانچ، پانچ لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کیے گئے, علاوہ ازیں ریشن پولو گراؤنڈ اور کوشٹ پولو گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن کا بھی اعلان کیا گیا۔
بعد ازاں جشنِ قاقلشٹ کمیٹی کی کابینہ نے وزیرِ کھیل سے ملاقات کی اور جشن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جس کے دوران جشن کی ویڈیو ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔
وزیرِ کھیل نے جشن قاقلشٹ کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے آئندہ قاقلشٹ فیسٹیول کو سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی زیر نگرانی باقاعدہ کیلنڈر ایونٹ کے طور پر منعقد کرنے کا اعلان کیا۔