کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیخلاف شدید تحفظات، عدالتی فیصلے تک تمام سرگرمیاں روکے جائیں/عمائدین علاقہ

چترال(بشیر حسین آزاد)وادی بمبوریت، بریر اور رمبور کے عمائدین نے صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ کالاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (KVDA) کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت مقدمے کے فیصلے تک اتھارٹی کے تمام ترقیاتی اور غیر ترقیاتی منصوبوں پر فوری پابندی عائد کی جائے، کیونکہ ان وادیوں کے عوام کو اس اتھارٹی کی پالیسیوں پر شدید تحفظات ہیں۔
پیر کے روز چترال پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک شائے، کمال الدین، محی الدین، عباداللہ، بزرگ احمد، قدرت اللہ، عبدالرفیع ایڈوکیٹ، اختر محمد اور عبدالواحد سمیت دیگر عمائدین نے کہا کہ سال 2019 میں اُس وقت کی صوبائی حکومت نے کالاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی قائم کی، جس کا بظاہر مقصد علاقے کی ترقی تھا، تاہم جب اتھارٹی کے قوانین اور پالیسیوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا تو یہ وادیوں کے عوام کے لیے نقصان دہ اور ظالمانہ ثابت ہوئیں۔
انہوں نے کہا کہ کالاش وادیوں کے عوام کا بنیادی ذریعہ معاش گلہ بانی اور زراعت ہے، جبکہ اتھارٹی کی مجوزہ پالیسیوں کے نفاذ سے یہ روایتی ذرائع روزگار شدید خطرے سے دوچار ہو جائیں گے۔
عمائدین نے واضح کیا کہ وہ ترقی کے مخالف نہیں، تاہم جبراً مسلط کردہ پالیسیوں اور قوانین کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان کے بقول اتھارٹی کا اصل فوکس ترقی کے نام پر علاقے کی زمینوں کا انتظام اپنے ہاتھ میں لینا، ٹیکس عائد کر کے ریونیو جنریٹ کرنا اور ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں عوام پر بھاری جرمانے مسلط کرنا ہے۔
پریس کانفرنس میں بتایا گیا کہ وادیوں کے عوام اس اتھارٹی کے خلاف مختلف اوقات میں احتجاجی مظاہرے، جلسے اور جلوس منعقد کر چکے ہیں اور متعلقہ اداروں، منتخب نمائندوں اور ذمہ دار حکام سے بارہا رابطہ بھی کیا گیا، مگر ان کی آواز کو مسلسل نظر انداز کیا گیا اور تاحال کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا گیا۔
عمائدین نے کہا کہ اگرچہ KVDA کے خلاف معاملہ اس وقت پشاور ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے، اس کے باوجود اتھارٹی اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کی کوشش کر رہی ہے، جو عدالتی عمل کی روح کے منافی ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کالاش کی تمام وادیوں سے اس اتھارٹی کو فی الفور ختم کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو شدید عوامی ردِعمل سامنے آئے گا، جس کے تحت وادیوں میں سیاحوں کے داخلے کو روکا جا سکتا ہے۔ عمائدین نے واضح کیا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی تمام تر ذمہ داری کالاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔