ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی زیرِ صدارت اجلاس، پرائمری سطح پر کردار سازی کا نصاب مکمل

چترال(چ، پ) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس لوئر چترال میں پرائمری سطح کے طلبہ کے لیے کردار سازی (Character Education) کے نصاب کی تکمیل کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کے وژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی سرپرستی میں قائم ٹیکنیکل ورکنگ گروپ, جس میں ضلعی تعلیمی افسران، اسامہ وڑائچ اکیڈمی کے منتظمین، علماء کرام، سول سوسائٹی کے رضاکار، چترال یونیورسٹی کے معزز اراکین، تعلیمی اداروں کے نمائندگان اور ضلعی انتظامیہ کے افسران شامل ہیں, کی مشترکہ اور انتھک کوششوں سے پرائمری سطح کے لیے کردار سازی کا نصاب مکمل کر لیا گیا ہے۔
نصاب کا جامع تکنیکی جائزہ بھی ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کی جانب سے لیا جا چکا ہے۔
ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم نے اس موقع پر ٹیکنیکل ورکنگ گروپ میں شامل تمام اراکین کی محنت، لگن اور فنی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام معیاری اور ہمہ جہت تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ تیار شدہ نصاب کو آئندہ مرحلے میں ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم اینڈ ٹیچر ایجوکیشن، خیبر پختونخوا کو جانچ اور توثیق کے لیے ارسال کیا جائے گا۔
منظوری کے بعد یہ نصاب لوئر چترال کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں اور مدارس میں نافذ کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ “یہ نصاب طلبہ میں اخلاقی اقدار کے فروغ، مثبت کردار سازی اور ایک ذمہ دار معاشرے کی تشکیل کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔”