چوئنچ قتل کیس: اپنے ہی بھائی کے قتل میں ملوث ملزم کو عمر قید اور بھاری جرمانے کی سزا

بونی(چ،پ)اپر چترال کے علاقے چوئنچ (مستوج) میں اپنے ہی بھائی کو قتل کرنے والے شخص کو مقامی عدالت نے پولیس کی جامع تفتیش اور مؤثر پراسیکیوشن کی بنیاد پر عمر قید کی سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق 29 ستمبر 2022 کو مجرم سید نظار شاہ ولد گلان شاہ نے معمولی تکرار کے بعد طیش میں آ کر اپنے چھوٹے بھائی سید سردار شاہ کو آتشیں اسلحے سے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔
واقعے کے فوراً بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے پولیس نے تفتیش کا آغاز کیا، تاہم ملزم واردات کے بعد مفرور ہو گیا تھا، جس نے بعدازاں خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے دورانِ تفتیش جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے، گواہوں کے بیانات قلمبند کیے اور تمام مادی شواہد کو قانونی تقاضوں کے مطابق محفوظ کر کے عدالت میں پیش کیا۔
مکمل چالان تیار کر کے پراسیکیوشن کے حوالے کیا گیا، جس نے دورانِ سماعت شواہد اور دلائل کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اپر چترال عبدالوہاب قریشی کی عدالت نے استغاثہ کے شواہد اور دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ملزم سید نظار شاہ کو تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302(بی)، 544-A اور 544-A(2) کے تحت عمر قید اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
عدالت نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں دفعہ 15-AA کے تحت تین سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی الگ سزا بھی عائد کی۔
عدالتی فیصلے کے بعد ملزم کو سزا بھگتنے کے لیے جیل منتقل کر دیا گیا۔