چترال–بونی روڈ منصوبہ: ناقص تعمیر اور غفلت پر ضلعی انتظامیہ کا سخت ایکشن، ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت

اشتہارات

بونی (چ،پ)ضلعی انتظامیہ اپر چترال نے چترال–بونی روڈ کے ریشن، چرون،بونی سیکشن میں ناقص تعمیر، حفاظتی اقدامات میں کوتاہی اور منصوبے میں غیر معمولی تاخیر پر متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان یوسفزئی نے اس سلسلے میں اپر چترال پولیس کو باضابطہ خط ارسال کرتے ہوئے ٹھیکیدار اور اس کے ذمہ داران یا نمائندوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ریشن شادیر کے مقام پر سڑک کی غیر معیاری تعمیر، حفاظتی انتظامات نہ کرنے، روڈ پر تارکول کا کام نومبر تک مکمل نہ کرنے اور تعمیراتی عمل کے دوران ماحول اور انسانی صحت کو نقصان پہنچانے جیسے سنگین امور سامنے آئے ہیں۔

ان خلاف ورزیوں کو عوامی مفاد کے منافی قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ چترال–بونی–مستوج–شندور روڈ فیز۔II کے تحت بونی تا ریشن ایریا میں جاری منصوبے میں تاخیر اور غفلت پر این ایچ اے سے وابستہ متعلقہ کنٹریکٹرز کے خلاف بھی سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپر چترال کو تحریری ہدایات جاری کی ہیں کہ ذمہ دار ٹھیکیداروں کے خلاف فوری طور پر مقدمات درج کیے جائیں۔

مراسلے میں نشاندہی کی گئی ہے کہ متعلقہ ٹھیکیداروں کی جانب سے سنگین غفلت، لاپرواہی اور بغیر کسی پیشگی اطلاع کے مشینری کو لوئر ڈسٹرکٹ منتقل کرنے سے نہ صرف منصوبہ شدید متاثر ہوا بلکہ عوام اور ضلعی انتظامیہ میں بھی شدید تشویش اور بے چینی پیدا ہوئی۔

ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے واضح کیا ہے کہ عوامی مفاد سے جڑے ترقیاتی منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی، غیر ذمہ دارانہ رویہ یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، اور قانون کے مطابق ذمہ داران کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔