صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے صدارت کی

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی قید تنہائی کی مذمت، مختلف امور پر مشاورت اور اقدامات کی منظوری دی گئی

اشتہارات

صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے صدارت کی

پشاور(میڈیا ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل افریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو ناحق قید اور مسلسل آئسولیشن میں رکھا جا رہا ہے، جبکہ قید کے دوران سردیوں کا ضروری سامان بھی فراہم نہیں کیا جا رہا۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے عمران خان کی بہنوں پر واٹر کینن کے استعمال اور ان کے ساتھ ناروا سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک اور غیر انسانی اقدام قرار دیا۔

انہوں  نے کہا کہ صوبائی حکومت ایسے تمام اقدامات کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ این ایف سی اجلاس میں صوبائی حقوق کے تحفظ کے لیے ایک سب کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جو ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔ اس سب کمیٹی کی سربراہی صوبائی مشیر خزانہ کریں گے، جبکہ واجبات سے متعلق سفارشات وفاق کو پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے کے حقوق کے لیے تمام سیاسی اور قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔

انہوں نے این ایچ پی اور این ایف سی بقایاجات کے حوالے سے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ وفاقی حکومت کو ہر ہفتے باقاعدہ خط ارسال کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ کے مطابق ضم اضلاع کے لیے سالانہ 100 ارب روپے فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم گزشتہ سات برسوں میں صرف 168 ارب روپے دیے گئے، جبکہ 532 ارب روپے تاحال بقایا ہیں۔

انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ اپنے بقایاجات کے حوالے سے وفاق کو ہفتہ وار خطوط ارسال کریں تاکہ تمام امور ریکارڈ پر رہیں۔

کابینہ اجلاس میں نئے تعینات شدہ سیکرٹریز بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تمام تقرریاں مکمل طور پر میرٹ پر کی گئی ہیں اور کسی قسم کی سفارش شامل نہیں تھی۔

انہوں نے سیکرٹریز پر زور دیا کہ وہ بھی اپنی ذمہ داریوں میں میرٹ کی بالادستی یقینی بنائیں، بصورت دیگر کسی بھی کرپشن کی شکایت پر فوری قانونی کارروائی کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ سال 2026-27 کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق سفارشات فروری کے وسط تک پیش کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی اور تمام ترقیاتی کام عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیے جائیں گے۔