لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی سزا، آئی ایس پی آر نے تفصیلات جاری کر دیں
مجرم کے بعض دیگر معاملات میں ملوث ہونے کے پہلوؤں کو علیحدہ طور پر نمٹا جا رہا ہے

اسلام آباد (م، ڈ): آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی سزا کے حوالے سے آئی ایس پی آر کی جانب سے تفصیلات جاری کر دی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 12 اگست 2024 کو سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے خلاف پاکستان آرمی ایکٹ کی دفعات کے تحت فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی کارروائی کا آغاز ہوا، جو 15 ماہ تک جاری رہی۔
ملزم پر چار الزامات عائد کیے گئے۔ ان الزامات میں سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونا، آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزیاں جو ریاست کی سلامتی اور مفادات کے لیے نقصان دہ ہیں، اختیارات اور سرکاری وسائل کا غلط استعمال، اور بعض افراد کو بلاجواز نقصان پہنچانے کے الزامات شامل ہیں۔
طویل اور جامع قانونی کارروائی کے بعد ملزم کو تمام الزامات میں قصوروار قرار دیتے ہوئے 11 دسمبر 2025 کو 14 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائی گئی۔
فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے تمام قانونی تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھا۔ ملزم کو تمام قانونی حقوق فراہم کیے گئے، جن میں اپنی مرضی کی دفاعی ٹیم مقرر کرنے کا حق بھی شامل تھا۔ مجرم کو متعلقہ فورم پر اپیل کا حق حاصل ہے۔
مجرم کی سیاسی عناصر کے ساتھ ملی بھگت کے ذریعے دانستہ طور پر سیاسی اشتعال انگیزی اور عدم استحکام پیدا کرنے، نیز بعض دیگر معاملات میں ملوث ہونے کے پہلوؤں کو علیحدہ طور پر نمٹا جا رہا ہے۔