طیارہ حادثہ میں شہید ڈپٹی کمشنر اسامہ وڑائچ و دیگر شہداء کی یاد میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا

چترال( چ،پ) شہید ڈپٹی کمشنر اسامہ احمد وڑائچ اور پی آئی اے طیارہ حادثہ 2016 کے شہداء کی برسی کے سلسلے میں اسامہ وڑائچ پارک میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا آغاز یادگارِ شہداء پر حاضری سے کیا گیا، جہاں پر کمشنر ملاکنڈ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کی جانب سے بھی یادگارِ شہداء پر پھولوں کے گلدستے رکھے گئے اور چترال لیویز کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔
طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے ڈپٹی کمشنر اسامہ وڑائچ و دیگر شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ریاض احمد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ محمد خان، مختلف لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران، لیویز فورس کے افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔
تقریب میں شہداء کے بلند درجات، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرجمیل کی خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا۔
شرکاء نے شہید ڈپٹی کمشنر کی خدمات، دیانت، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی گرانقدر کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر پی آئی اے طیارہ حادثے کے دیگر شہداء کو بھی عقیدت سے یاد کیا گیا اور ان کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔