فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات، نوٹیفکیشن جاری

27ویں ترمیم کے تحت چیف آف ڈیفنس فورسز کا عہدہ تخلیق کیا گیا، سید عاصم منیر پہلے سی ڈی ایف بن گئے

اشتہارات

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو "چیف آف ڈیفنس فورسز” تعینات کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جسکے ساتھ ہی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے تینوں مسلح افواج کے پہلے کمانڈر بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق صدرآصف علی زرداری نے وزیراعظم کی جانب سے پیش کی گئی سمری کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت فیلڈ مارشل عاصم منیر، جو اس وقت چیف آف آرمی اسٹاف ہیں، انہیں بطور چیف آف ڈیفنس فورسز(سی ڈی ایف) پانچ سال کی مدت کے لیے تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔

صدر مملکت نے ساتھ ہی چیف آف ائیر اسٹاف کو دو سال کی اضافی مدت ملازمت دینے کی بھی منظوری دی، جو ان کی موجودہ مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد 19 مارچ 2026 سے نافذ العمل ہوگی۔

صدر نے آرمی چیف (جو اب سی ڈی ایف بھی ہوں گے) اور چیف آف ائیر اسٹاف دونوں کو ان کی آئندہ ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات کی سمری پر دستخط کرکے صدر مملکت کو منظوری کے لیے ارسال کردی تھی۔

وزیراعظم کی سمری کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ ساتھ چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے اور یہ تعیناتی 5 سال کے لیے ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف ایئر سٹاف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں بھی دو سال کی توسیع کی منظوری دے دی ہے اور اس توسیع کا اطلاق ان کی موجودہ 5 سالہ مدت ملازمت کے مارچ 2026 میں مکمل ہونے پر ہوگا۔