دروش بازار و گردونواح میں آوارہ کتوں کی بھرمار نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی

دروش(چترال پوسٹ) دروش بازار اور گرد و نواح میں آوارہ کتوں کی غیر معمولی تعداد نے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے
مقامی آبادی کے مطابق آوارہ کتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ متعلقہ ادارے مکمل طور پر خاموش دکھائی دیتے ہیں۔
راہگیروں کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کے جھنڈ سڑکوں اور گلیوں میں گھومتے رہتے ہیں اور کبھی بھی کسی شہری پر حملہ آور ہو سکتے ہیں۔
بزرگ افراد، خواتین اور اسکول و مدرسہ جانے والے بچے ان کتوں کا آسان ہدف بن سکتے ہیں، جس کے باعث عوام شدید ذہنی دباؤ اور خوف کا شکار ہیں۔
شہریوں نے انتظامیہ کی بےحسی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے حکام کسی ناخوشگوار واقعے کے منتظر ہیں۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر آوارہ کتوں کے خلاف مؤثر مہم شروع کی جائے تاکہ شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
مزید برآں، یہ امر بھی تشویشناک ہے کہ مقامی اسپتالوں میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین اکثر دستیاب نہیں ہوتی، جس کی وجہ سے کسی ممکنہ حادثے کی صورت میں متاثرہ افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ و متعلق اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس مسئلے کی طرف فوری توجہ دیجائے۔