اپر چترال میں ایمرجنگ سی ای اوز میٹ اپ کا انعقاد، مقامی کاروباری افرادکی شرکت

کاروبار کی ترقی اور روزگار کی فراہمی کے سلسلے میں راہنمائی کے لئے اس طرح کے پروگرامات کا سلسلہ جاری رہے گا/منتظمین

اشتہارات

بونی(چترال پوسٹ)اپر چترال میں ایمرجنگ سی ای اوز میٹ اپ سیزن ٹو کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوان کاروباری افراد، کاروبار سے منسلک خواتین، مقامی مارکیٹ کے نمائندے اور صحافی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

یہ نشست ایمرجنگ بزنس انیشی ایٹو کے تحت قشقار کی میزبانی میں منعقد ہوئی، جبکہ چترال چیمبر آف کامرس اور پشاور کنسٹرکشن اینڈ پائپس کمپنی نے تعاون فراہم کیا۔ پروگرام کا بنیادی مقصد مقامی کاروباری ماحول، چیلنجز اور مستقبل کی جہتوں پر سنجیدہ مکالمے کو فروغ دینا تھا۔

تقریب میں بونی خواتین مارکیٹ سے آئی باہمت کاروباری خواتین نے کاروبار میں درپیش مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ  مردانہ ماحول میں کاروبار چلانا آسان نہیں، محدود رسائی، تربیت کے فقدان، تشہیر کے مسائل اور معاؤن مارکیٹ ڈھانچے کی غیر موجودگی روزمرہ کے چیلنجز ہیں۔

خواتین نے مطالبہ کیا کہ وکیشنل ٹریننگ ، مالیاتی امور کے بارے تربیت اور کاروباری نظم و ضبط کی رہنمائی انہیں اپنے کاروبار کو بڑھانے اور مستحکم بنیادوں پر جاری رکھنے میں مدد دے گی۔

مارکیٹ نمائندوں بالخصوص صدر ٹریڈ یونین نے بھی کاروباری مشکلات کھل کر بیان کیں۔ ان کے مطابق غیر معیاری مصنوعات، مارکیٹنگ سپورٹ کی کمی، ریٹیل میں مرد اٹینڈنٹس کا بڑھتا رجحان، ناقص سائٹ مینجمنٹ اور اقربا ء پروری ترقی کی رفتار روک رہی ہے۔

کچھ شرکاء نے کہا کہ کئی مارکیٹیں بغیر مناسب منصوبہ بندی کے قائم ہوئیں، جس سے کاروباری ترقی متاثر ہوئی۔

شرکاء نے انتظامی مداخلت پر بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں کے تعین اور روزمرہ فیصلوں میں غیر ضروری حکومتی دخل اندازی سے کاروباری خودمختاری متاثر ہورہی ہے۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور کاروباری طبقے کے درمیان باضابطہ اور باہمی رابطہ ناگزیر ہے۔

اس موقع پر چترال چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر نے یقین دہانی کرائی کہ چیمبر اجلاس میں اٹھائے گئے نکات کو پالیسی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا جائے گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ چیمبر کا دفتر جلد اپر چترال میں قائم کیا جائے گا جس سے مقامی کاروباری طبقے سے مستقل رابطہ ممکن ہو سکے گا، مزید یہ کہ ترقیاتی اداروں، مارکیٹ کمیٹیوں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ مکالمہ شروع کیا جائے گا۔

مقامی سطح پر کاروبار سے منسلک خواتین نے ڈپٹی کمشنر اپر چترال کی خصوصی دلچسپی اور حوصلہ افزائی کا شکریہ ادا کیا۔

ڈی سی کی سرپرستی میں خواتین مارکیٹ کے لیے ریکارڈ کیپنگ اور بُک کیپنگ کی تربیت جلد منعقد ہوگی جس سے انہیں مالیاتی نظم میں بہتری کا موقع ملے گا۔

نوجوان کاروباریوں نے تجویز دی کہ انہیں دیگر علاقوں کے کامیاب کاروباروں کے مطالعہ جاتی دورے کرائے جائیں تاکہ وہ بہتر کاروباری ماڈلز کا عملی مشاہدہ کر سکیں۔

اس موقع پر شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ تعاون، ہم آہنگی اور تسلسل کے ساتھ باہمی رابطہ کاری کے ذریعے اپر چترال کے کاروباری مستقبل کو مضبوط بنیاد فراہم کی جائے گی۔

تقریب کے منتظمین نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنگ بزنس انیشی ایٹو کے تحت ایسے مفید پروگرام آئندہ بھی جاری رہیں گے۔