وفاقی وزیر مواصلات علیم خان کا ایک روزہ دورہ چترال، عوامی اور سیاسی حلقے بے خبر
وزیر مواصلات عوامی اور سیاسی حلقوں سے مل کر حقائق سے آگاہی حاصل کرنے کو نظر انداز کردیا

چترال(چ،پ) اتوار کے روز وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے چترال کا ایک روزہ دورہ کیا ، اس دورے کو اتنا خفیہ رکھا گیا کہ خود حکمران جماعت مسلم لیگ کو بھی اس کی بھنک نہیں پڑنے دی گئی۔
عبدالعلیم خان ہیلی کاپٹر کے ذریعے چترال پہنچے اور اپنا دورہ مکمل کرکے واپس روانہ ہوگئے۔ اس حوالے سے کسی کو کانوں کان خبر نہ ہوئی۔
وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نےاپنے حالیہ دورہ چترال کے موقع پر چترال کے سڑکوں کے مسائل کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لینے اور انہیں حل کرنے کیلئے وفاقی وزیر مواصلا ت کو چترال کا بھیجنے کا اعلان کیا تھا اور اس سلسلے میں بعد ازاں ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا، تاہم وفاقی وزیر مواصلات اچانک چترال پہنچے اور اپنے دورے کو خفیہ رکھا جسکی وجہ سے عوامی حلقوں میں شدید مایوسی ہوئی۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ کے ضلعی صدر عبدالولی خان ایڈوکیٹ بھی اس دورے سے لاعلم رہے، وہ چترال شہر سے باہر تھے جب انہیں اتوار کی صبح وفاقی وزیر کے دورے کی بابت بتایا گیا۔
اسی طرح پارٹی کے ضلعی راہنماء اور ترجمان نیاز اے نیاز ایڈووکیٹ نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اس دورے پر حیرت کا اظہار کیا ۔
وزیر مواصلات کے دورے سے عوامی حلقوں کے بڑے توقعات وابستہ تھیں کیونکہ وزیر اعظم کی ہدایت پر انہوں نے چترال آنا تھا اور عوامی حلقوں کیساتھ ملکر مسائل سے آگاہی حاصل کرنی تھی تاکہ حقائق انکے سامنے رکھے جاسکیں اور انکا حل نکل آئے، مگر یوں خفیہ دورے سے عوامی اور سیاسی حلقوں کو شدید مایوسی ہوئی ہے۔