پرائم منسٹر انسپکشن ٹیم کا دورہ؛ لوئر چترال میں سڑکوں کی تعمیر و ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس

اشتہارات

چترالـ(چ،پ) ضلع لوئر چترال میں جاری سڑکوں کے ترقیاتی منصوبوں، درپیش رکاوٹوں اور دیگر متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے وزیر اعظم پاکستان کی خصوصی انسپیکشن ٹیم (PMIC) اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے افسران کا اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کے دفتر میں منعقد ہوا جس میں PMIC کے افسران، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم، انتظامی افسران، این ایچ اے کے افسران اور متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو ضلع بھر کی سڑکوں پر جاری تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کی پیش رفت، حائل رکاوٹوں اور درپیش تکنیکی و انتظامی مسائل سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ عوامی اہمیت کے ان بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ باہمی رابطے اور تعاون کو مزید موثر بناتے ہوئے تعمیراتی کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور تمام رکاوٹوں کے حل کے لیے مربوط اقدامات یقینی بنائے جائیں، تاکہ تمام منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے مطابق معیار کے ساتھ پایۂ تکمیل کو پہنچ سکیں۔