ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن چترال لوئر کے زیر اہتمام شہدائے چترال پریمئر لیگ اختتام پذیر

کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس مہمان خصوصی تھے، فائنل کے دلچسپ مقابلے میں چمرکن ایف سی نے ایون ایف سی کو صفر کے مقابلے میں 2 گولوں سے ہرا دیا

اشتہارات

چترال(چ،پ)ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن لوئر چترال کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا شہدائے چترال پریمئر لیگ سیزن ٹو گذشتہ روز قشقار اسپورٹس کمپلیکس چترال میں اختتا م پذیر ہوا۔

چترال سکاؤٹس کے کمانڈنٹ کرنل ارسلان عبدالمجید فائنل میچ کے مہمان خصوصی تھے، انہوں نے کھلاڑیوں سےملاقات کی اور چترال میں ایک بہترین فٹبال ایونٹ منعقد کرانے پر ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن لوئر چترال کی تعریف کی۔

اس موقع پر ڈی ایف اے لوئر چترال کے صدر حاجی حسین احمد نے کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کو یادگاری شیلڈ پیش کیا۔


فائنل کا دلچسپ مقابلہ چمرکن فٹبال کلب اور ایون فٹبال کلب کے مابین کھیلا گیا جس میں چمرکن فٹبال کلب نے صفر کے مقابلے میں دو گولوں سے کامیابی حاصل کی۔

ایون فٹبال کلب کے پلئیر زاہد شاہ مین آف دی ٹورنمنٹ، چمرکن ایف سی کے حضرت عباس مین آف دی میچ، چمرکن ایف سی عاصم شیراز ٹاپ سکورر، چمرکن ایف سی کے فہم بیسٹ گول کیپر اور ایون ایف سی کے محمد حسن کو ایمرجنگ پلیئر قرار دیا گیا ، ان تمام کھلاڑیوں کو انکی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر خصوصی ایوارڈز دیئے گئے۔

فائنل میچ کے موقع پر چترال کے معتبرات اور سابق فٹبال پلیئرز بھی موجود تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔
شہدائے چترال پریمئر لیگ سیزن 2 میں چترال سے 13 ٹیموں نے حصہ لیا اور ملکی سطح کے نامور غیر مقامی کھلاڑیوں نے بھی مختلف ٹیموں کی نمائندگی کی۔