چترال میں انٹرنیشنل سنو لیپرڈ ڈے 2025 کی مناسبت سے آگاہی تقریبات کا انعقاد

اشتہارات

چترال (بشیرحسین آزاد ) انٹرنیشنل سنو لیپرڈ ڈے 2025 کے موقع پر سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن (SLF) چترال نے وائلڈ لائف ڈویژن چترال اور چترال گول نیشنل پارک کے تعاؤن سے آگاہی سیشنز اور تقریبات کا اہتمام کیا۔

ان سرگرمیوں کا مقصد نوجوان نسل میں برفانی چیتے (Snow Leopard) اور دیگر جنگلی حیات کے تحفظ کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور انہیں فطرت کے ساتھ ہم آہنگ طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینا تھا۔

پہلی تقریب آئیڈیل پبلک اسکول کوغوزی (لوئر چترال) میں منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں طلبہ، اساتذہ، اور مقامی کمیونٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی ایف او وائلڈ لائف ڈویژن چترال فاروق نبی نے محکمہ وائلڈ لائف کی نمائندگی کرتے ہوئے جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ برفانی چیتا پہاڑی ماحولیاتی نظام کا ایک اہم جزو ہے اور اس کے وجود سے پورا نظامِ فطرت متوازن رہتا ہے۔

اسی طرح جمیع اللہ شیرازی، ریجنل پروگرام مینیجر سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن چترال نے انٹرنیشنل سنو لیپرڈ ڈے کی تاریخی پس منظر، مقاصد، اور اس دن کے عالمی تناظر میں اہمیت پر تفصیلی پریزنٹیشن دی۔

انہوں نے طلبہ کو بتایا کہ برفانی چیتا صرف ایک جانور نہیں بلکہ ہمارے پہاڑوں کی خوبصورتی اور حیاتیاتی تنوع کی علامت ہے، جس کے تحفظ میں ہم سب کا کردار اہم ہے۔

طلبہ نے اس موقع پر سنو لیپرڈ، جنگلی حیات کے تحفظ، اور ماحول دوستی کے موضوعات پر پرجوش تقاریر کیں۔

علاوہ ازیں، طلبہ نے خوْبصورت ایکشن ٹیبلو اور ڈرامائی مظاہرے پیش کیے جن میں قدرتی وسائل کے تحفظ، جنگلی حیات کو درپیش خطرات، اور عوامی ذمہ داریوں کا مؤثر پیغام دیا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر اسکول کی انتظامیہ نے سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن اور وائلڈ لائف ڈویژن چترال کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے آئیڈیل پبلک اسکول کوغوزی کو اس اہم موقع کے لیے منتخب کیا اور طلبہ کو سیکھنے کا بہترین موقع فراہم کیا۔

دوسری تقریب گورنمنٹ ہائی اسکول سورلاسپور (اپر چترال) میں چترال گول نیشنل پارک کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔ اس پروگرام میں ریسرچ آفیسر سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن انور مقصود نے انٹرنیشنل سنو لیپرڈ ڈے کے پس منظر اور مقاصد پر روشنی ڈالی، جبکہ سیف اللہ جان نے برفانی چیتے کی ماحولیاتی اہمیت اور اس کے تحفظ میں ایس ایل ایف کی کوششوں کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی۔

مولانا سیف الرحمن نے قدرتی وسائل کے تحفظ کو اسلامی نقطۂ نظر سے بیان کیا اور کہا کہ اسلام ہمیں زمین، جنگلات اور تمام مخلوقات کے ساتھ حسنِ سلوک اور ان کے تحفظ کا درس دیتا ہے۔

سنو لیپرڈ کنزرویشن آرگنائزیشن سُرلاسپور (SLCO) کے نمائندہ جماعتی خان نے ایس ایل ایف کا شکریہ ادا کیا کہ وہ گزشتہ ایک دہائی سے لاسپور وادی میں جنگلی حیات کے تحفظ اور مقامی تنظیموں کی معاونت میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

اسی طرح مرزا حسین، نمائندہ گورنمنٹ ہائی اسکول سُورلاسپور، نے بھی ایس ایل ایف اور چترال گول نیشنل پارک کی جانب سے منعقدہ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے سیشنز طلبہ میں فطرت سے محبت اور ماحول کے تحفظ کا جذبہ بیدار کرتے ہیں۔

پروگرامز کے اختتام پر سرگرم طلبہ اور شرکاء میں انعامات تقسیم کیے گئے تاکہ ان کی محنت اور جوش و جذبے کو سراہا جاسکے۔

ان تقریبات کے ذریعے سنو لیپرڈ فاؤنڈیشن اور وائلڈ لائف ڈویژن چترال اور چترال گول نیشنل پارک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مقامی کمیونٹیز اور نوجوان نسل کے اشتراک سے برفانی چیتے، جنگلی حیات، اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں مزید مضبوط کریں گے۔