چترال سکاؤٹس کے زیر اہتمام دمیل نسار میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا

اشتہارات

 چترال(چ،پ) چترال اسکاؤٹس کے زیر انتظام دمیل نسار میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں مقامی آبادی کو مفت طبی معائنے اور ادویات کی فراہمی جیسی سہولیات فراہم کی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق چترال سکاؤٹس 145 ونگ کی طرف سے تحصیل دروش کے دورافتادہ اور پسماندہ علاقے دمیل نسار میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں طبی ماہرین نے مریضوں کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی تقسیم کئے۔

چترال سکاؤٹس کے مطابق میڈیکل کیمپ کا مقصد ایسے علاقوں میں بنیادی صحت کی سہولیات پہنچانا تھا، جہاں عام حالات میں مستند طبی سہولیات میسر نہیں ہوتیں۔

کیمپ میں مختلف شعبہ جات کے ماہرین نے مریضوں کا معائنہ کیا۔

اس کیمپ کے دوران کل 393 مریضوں نے طبی خدمات حاصل کیں، جن میں 125 مرد، 110 خواتین اور 158 بچے شامل تھے۔

اس کامیاب میڈیکل کیمپ نے دمیل نسار اور دمیل گول کے عوام میں نہ صرف خوشی کی لہر دوڑا دی بلکہ عوامی سطح پر فورسز کے لیے اعتماد، عزت اور محبت کے جذبات کو مزید مستحکم کیا۔

مقامی لوگوں نے اس اقدام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف صحت کی سہولیات فراہم کرتے ہیں بلکہ عوام اور سیکیورٹی اداروں کے درمیان رابطے اور ہم آہنگی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔