محکمہ سول ڈیفنس کے زیر اہتمام لوئر چترال کے مختلف سکولوں میں تربیتی سیشنز کا انعقاد

اشتہارات

چترال (چ،پ) محکمہ شہری دفاع ضلع چترال لوئر نے مختلف تعلیمی اداروں میں تربیتی پروگرامات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس میں طلبہ کو مختلف امور میں تربیت فراہم کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر سول ڈیفنس خیبرپختونخوا زاہد عثمان کاکاخیل اور ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی خصوصی ہدایات پر، سول ڈیفنس آفیسر لوئر چترال جناب کلیم اللہ کی زیرِ نگرانی سول ڈیفنس انسٹرکٹرز کی ٹیم مختلف تعلیمی اداروں میں تربیتی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

یہ تربیتی سلسلہ سول ڈیفنس ضلع لوئر چترال کے زیرِ اہتمام 01 تا 10 اکتوبر 2025 تک جاری رہے گا جس کا مقصد طلباء و طالبات میں نظم و ضبط، خود اعتمادی، اور ہنگامی حالات میں مؤثر ردِعمل کی صلاحیت پیدا کرنا ہے تاکہ وہ کسی بھی حادثے یا آفت کے دوران اپنی اور دوسروں کی حفاظت کر سکیں۔

تربیتی پروگرام میں گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج آف مینجمنٹ سائنس، لوئر چترال، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ایون، گورنمنٹ ہائی سکول ہون، الخدمت سکول سسٹم، لوئر چترال شامل ہیں۔

شہری دفاع کے انسٹرکٹرز روزانہ ایک پیریڈ کے دوران طلباء کو عملی اور نظری تربیت فراہم کر رہے ہیں، جن میں آگ بجھانے کی مشقیں (Firefighting)، ریسکیو آپریشنز، ابتدائی طبی امداد (First Aid) اور انسیڈنٹ کنٹرول مینجمنٹ (Incident Control Management) جیسے اہم موضوعات شامل ہیں۔

اس تربیتی پروگرام کا مقصد نوجوان نسل میں محفوظ معاشرہ اور ذمہ دار شہری بنانے کے وژن کو فروغ دینا ہے۔

یہ سرگرمیاں نہ صرف طلباء کی قیادت، نظم و ضبط اور اعتماد میں اضافہ کر رہی ہیں بلکہ ان میں خدمتِ خلق اور قومی ذمہ داری کا جذبہ بھی بیدار کر رہی ہیں۔

تربیتی سیشنز کے دوران طلباء نے بھرپور دلچسپی اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا جبکہ انسٹرکٹرز نے عملی مظاہروں، گروپ سرگرمیوں اور ہنگامی مشقوں کے ذریعے طلباء کو حقیقی حالات سے نمٹنے کی تربیت فراہم کی۔

سول ڈیفنس آفیسر ضلع لوئر چترال کلیم اللہ کے مطابق، یہ پروگرام کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور ضلعی سطح پر طلباء کی عملی استعداد اور کمیونٹی سیفٹی میں نمایاں بہتری لا رہا ہے۔