رکن قومی اسمبلی عبدالطیف کے خلاف من گھڑت کیس ختم کیا جائے، چترالی عوام کے مینڈیٹ کی توہین برداشت نہیں/تحریک انصاف چترال

چترال(بشیر حسین آزاد) پاکستان تحریک انصاف لوئر چترال نے پرزور انداز میں مطالبہ کیا ہے کہ چترال سے منتخب رکن قومی اسمبلی عبدالطیف کے خلاف من گھڑت اور بے بنیاد کیس ختم کیا جائے۔
چترال پریس کلب میں پاکستان تحریک انصاف لوئر چترال کے صدر ایم پی اے فاتح الملک علی ناصر ، ضلعی جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی لوئر چترال و تحصیل چیئرمین دروش سید فرید جان نے پارٹی کے دیگر رہنماؤں امین الحسن، نذیر احمد، امیر علی اور شفیق الرحمن کے ہمراہ چترال پریس کلب میں ایک پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ ایم این اے عبدالطیف کو سنایا جانے والا سزا چترال کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہے ۔
پارٹی راہنماؤں نے مقتدر حلقوں سے پُرزور مطالبہ کیا کہ چترال سے منتخب رکن قومی اسمبلی عبداللطیف کے خلاف "بے بنیاد اور من گھڑت کیس” کو فی الفور ختم کیا جائے اور انہیں ان کے عہدے پر بحال کیا جائے۔
فاتح الملک علی ناصر نے کہا کہ "جب کیس کے دیگر نامزد افراد کو عدالت بری کرچکی ہے، تو پھر عبداللطیف کو انصاف سے کیوں محروم رکھا گیا؟ یہ سزا دراصل اس بات کی ہے کہ انہوں نے ضمیر کا سودا نہیں کیا اور عمران خان کے ساتھ کھڑے رہے۔”
رہنماؤں نے خبردار کیا کہ عبداللطیف کو سزا دینا دراصل پوری چترالی قوم کو سزا دینے کے مترادف ہے ، ایک ایسی قوم جو اپنی امن پسندی اور شرافت کے لیے پوری دنیا میں پہچانی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون کی بالادستی پر یقین رکھنے والے، اعلیٰ تعلیم یافتہ عوامی نمائندے کو سزا دینا قانون کے منہ پر طمانچہ ہے اور پسماندہ علاقے کو مزید پسماندہ کرنے کی کوشش ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ خاموش تماشائی نہ بنیں، کیونکہ "آج اگر پی ٹی آئی کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے تو کل یہ ظلم کسی اور کے دروازے پر بھی دستک دے سکتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن بہادر ہیں، جنہیں عمران خان نے سکھایا ہے کہ ظلم کے سامنے سر نہیں جھکانا۔
ہم اس پریس کانفرنس کے ذریعے اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ چترال کے عوام کے مینڈیٹ اور نمائندے کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔”