افغان مہاجر کیمپ کیسو اور کلکٹک بند ، کیسو کیمپ سے درجنوں مہاجر خاندانوں کی واپسی

آنے والے دنوں میں کلکٹک اور کیسو کیمپ سے مزید مہاجر خاندان واپس ہونگے، انتظامات مکمل

اشتہارات

چترال(چ،پ) افغان مہاجرین کو وطن واپس بھیجنے کے حکومتی فیصلے کے تحت اتوار کے روز کیسو مہاجر کیمپ سے 42 خاندان اپنے آبائی وطن واپس روانہ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کئی دہائیوں سے افغان مہاجر کیمپ کیسو میں رہائش پذیر 42 افغان خاندان اپنے ضروری سامان کے ساتھ آبائی وطن افغانستان کو واپس روانہ ہوگئے۔

ضلعی انتظامیہ لوئر چترال نے ان خاندانوں کے ٹرانسپورٹ کے لئے 11 ٹرک اور ایک فلائنگ کوچ فراہم کردیا جو کہ انہیں طورخم پہنچائیں گے۔

مہاجرین کی واپسی کا عمل اسسٹنٹ کمشنر دروش محمد علی کی سربراہی میں ہوا۔ اس موقع پر دروش کے مقامی عمائدین بھی موجود تھے جنہوں نے افغان مہاجرین کی یہاں قیام کے دوران انکی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔

افغان مہاجرین کے نمائندوں نے حکومت پاکستان اور یہاں کے عوام کی مہمان نوازی پر انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چترال کی یادیں بھولنا نا ممکن ہے، یہ ہمارا گھر ہے، اور ہم انتہائی بوجھل دل کیساتھ اپنا گھر چھوڑ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مہاجرین کو واپس بھیجوانے کے حکومتی فیصلے کے بعد افغان کمشنریٹ نے صوبے کے مختلف اضلاع میں موجود مہاجر کیمپ عملی طور پر بند کرکے انکے اثاثہ جات ضلعی انتظامیہ کے حوالے کردئیے ۔

کیسو کیمپ کے علاوہ کلکٹک کیمپ سے بھی مہاجر خاندانوں کی واپسی کا عمل جاری ہے اور بہت جلد دونوں کیمپ مکمل طور پر خالی ہو نگے۔