SRSP کی طرف سے اپر دیر کمراٹ ویلی میں 2.5 میگاواٹ پن بجلی منصوبے کی بحالی کا آغاز

علاقے کی ترقی میں ایس آر ایس پی کے کردار کے معترف ہیں، ایم این اے صاحبزادہ صبغت اللہ

اشتہارات

اپر دیر(چ،پ)سرحد رورل سپورٹ پروگرام (SRSP) نے یورپی یونین پاکستان (EU) کے تعاون سے اپر دیر کی حسین وادی کمراٹ میں 2.5 میگاواٹ پن بجلی منصوبے کی اپ گریڈیشن اور بحالی کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔

منصوبے کی تکمیل سے 4,044 گھروں، 150 ہوٹلوں اور متعدد چھوٹے کاروباروں کو صاف اور سستی بجلی فراہم کی جائے گی، جس سے علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ، منصوبہ سالانہ 7,200 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی کا باعث بنے گا، جو ماحولیاتی بہتری اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات میں کمی کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

یہ منصوبہ قابلِ تجدید توانائی کے فروغ، فوسل فیول پر انحصار کم کرنے، سیاحت کے فروغ اور پائیدار معاشی ترقی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

منصوبے کے سنگِ بنیاد کی تقریب میں رکنِ قومی اسمبلی صاحبزادہ صبغت اللہ، ڈپٹی کمشنر اپر دیر، ایس آر ایس پی کے سی ای او شہزادہ مسعودالملک، سی ای او RSPN، بورڈ ممبران، علاقائی عمائدین اور کمیونٹی نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب کے شرکاء نے ایس آر ایس پی کے اس اقدام کو علاقے کی ترقی کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دیا۔

اس موقع پر رکنِ قومی اسمبلی صاحبزادہ صبغت اللہ نے کہا کہ ایس آر ایس پی نے ہمیشہ پسماندہ علاقوں کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جو دیگر اداروں کے لیے ایک قابل تقلید مثال ہے۔

انہوں نے اس منصوبے کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

یہ اقدام نہ صرف کمراٹ ویلی کے لیے توانائی کا نیا دور لائے گا بلکہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار، ترقی اور امید کا پیغام بھی ثابت ہوگا۔