ریشن کے رفیق علی قتل کیس میں عدالت کی طرف سے ملزم کو عمر قید اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا

اشتہارات

بونی (چترال پوسٹ) ایڈیشنل سیشن جج اپر چترال عبدالوہاب قریشی کی عدالت نے ریشن گول کے رہائشی اکرم نواز ولد گل نواز کو قتل کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور 20 لاکھ روپے معاوضے کی سزا سنادی۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ملزم اکرم نواز نے گزشتہ سال نوجوان رفیق علی ولد شوکت علی کو قتل کیا تھا۔ عدالت نے پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302(b) کے تحت جرم ثابت ہونے پر بطور تعزیر عمر قید کی سزا سنائی اور مقتول کے ورثا کو 20 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو چھ ماہ مزید قیدِ بامشقت بھگتنا ہوگی۔

عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 382-B کے تحت مجرم کو پہلے سے کاٹی گئی قید کی رعایت دی جائے گی۔

حکم نامے کے مطابق مجرم کو ضلعی جیل چترال منتقل کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی باقی سزا مکمل کرے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال 20 اپریل کو ریشن گول کے نوجوان رفیق علی کی لاش کڑوم شغور کے مقام پر ملی تھی۔

ابتدا میں قتل نامعلوم افراد کے کھاتے میں ڈالا گیا تھا، تاہم مقتول کے ورثا کی دعویداری اور پولیس تفتیش کے بعد ملزم اکرم نواز کے خلاف مقدمہ چلایا گیا جو اب اپنے منطقی انجام کو پہنچا۔