وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات

اسلام آباد(ویب ڈیسک) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی ہے۔
جمعرات کو صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نیویارک سے واشنگٹن پہنچے۔ اوول آفس میں ہونے والی اس ملاقات میں نائب امریکی صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری آف سٹیٹ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔
رواں ہفتے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر سے یہ دوسری ملاقات ہے۔
اس سے قبل غزہ کے معاملے پر منتخب اسلامی ممالک کے رہنماؤں کے اجلاس کے موقع پر بھی اُن کی صدر ٹرمپ سے ملاقات ہوئی تھی۔
یاد رہے کہ رواں سال جون میں امریکی صدر ٹرمپ نے پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ظہرانہ پر مدعو کیا تھا لیکن اُس ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف اُن کے ساتھ نہیں تھے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات سے قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وہ "دو عظیم رہنماؤں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دونوں ہی بہترین شخصیات ہیں”۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’مجھے پہنچنے میں کچھ تاخیر ہو رہی ہے ، وہ خوبصورت اوول آفس پہنچ چکے ہیں، ابھی کچھ دیر میں ان سے ملاقات ہوگی۔‘
پاکستان کے وزیر اعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس میں شرکت کے لیے امریکہ میں ہیں۔ وہ آج جمعہ کے دن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے۔