چترال گول کنزروینسی کو پہلی بار ایکسپورٹ ایبل شکار کا پرمٹ ملنے پر مقامی کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی

اشتہارات

چترال(بشیر حسین آزاد) چترال گول کنزروینسی سے تعلق رکھنے والے مقامی افراد نے تاریخی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی ایف او وائلڈ لائف رضوان اللہ یوسف زئی اور چیئرمین چترال گول نیشنل پارک سلیم الدین کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

انہوں نے گہریت گول کنزرویشن کمیٹی کے صدر فیض الرحمن کے حالیہ بیان کو بھی مسترد کرتے ہوئے اسے مضحکہ خیز اور زمینی حقائق کے بر خلاف قرار دیا۔

میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں مقامی کمیونٹی کے نمائندوں نے کہا کہ چیئرمین سلیم الدین کی شبانہ روز محنت اور مؤثر قیادت کے نتیجے میں پہلی بار چترال گول کنزروینسی کو ایکسپورٹ ایبل شکار کا پرمٹ حاصل ہوا، جو ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ اس موقع پر چیف کنزرویٹر محسن فاروق اور کنزرویٹر نیشنل پارکس حسین احمد کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس سال بولی میں دلچسپی رکھنے والے افراد نے اگست میں چترال کا دورہ کر کے مختلف مقامات کا معائنہ کیا اور چترال گول کنزروینسی میں شکار کے مواقع پر دلچسپی ظاہر کی۔

مقامی نمائندوں کے مطابق یہ کامیابی نہ صرف کمیونٹی کی دیرینہ خواہش کی تکمیل ہے بلکہ یہ مقامی معیشت کے استحکام اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے بھی سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔