ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے دورافتادہ سرحدی گاوں بروغل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا

کھلی کچہری میں لوگوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے

اشتہارات

اپر چترال (چ،پ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے عوامی ایجنڈے کے تحت ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی جانب سے بروغل ویلی میں کھلی کچہری منعقد کی گئی۔

کھلی کچہری صدارت ڈپٹی کمشنر اپر چترال حسیب الرحمن خان خلیل نے کی، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ، مختلف محکموں کے سربراہان اور مقامی عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کھلی کچہری کے دوران عوام نے بنیادی سہولیات کی کمی پر کھل کر آواز بلند کی۔ سڑکوں کی خستہ حالی، تعلیمی و صحت کے اداروں کی کمی، وٹرنری ڈاکٹر کی عدم دستیابی، گرین گودام بروغل کے کام میں بلاوجہ تعطل، بروغل نیشنل پارک سے متعلق وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کی غفلت، ہائی سکول یارخون لشٹ میں سائنس لیب اور اساتذہ کی کمی جیسے مسائل تفصیل سے زیر بحث آئے۔

مقامی افراد نے اپنے مسائل کا حقیقی عکس پیش کیا جسے انتظامیہ نے نہایت سنجیدگی سے سنا۔
ڈپٹی کمشنر حسیب الرحمن خان خلیل نے عوام کو یقین دلایا کہ مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو فوری عملی اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی اور کہا کہ بروغل جیسے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

یہ کھلی کچہری نہ صرف عوامی مسائل کے حل کی سمت ایک اہم پیش رفت ثابت ہوئی بلکہ عوام اور انتظامیہ کے درمیان اعتماد اور مثبت تعلقات کے قیام کا سنگ میل بھی بنی۔