چترال کے معدنی ذخائر پر قبضہ، اربوں کی کرپشن کا بھانڈا پھوٹ گیا, اعلی حکام سے تحقیقات کا مطالبہ

اشتہارات

چترال کے معدنی ذخائر پر قبضہ، اربوں کی کرپشن کا بھانڈا پھوٹ گیا, اعلی حکام سے تحقیقات کا مطالبہ

چترال (بشیر حسین آزاد) خیبر پختونخوا مائن اونرز ایسوسی ایشن کے رہنما محی الدین ثانی اور لوئر چترال کے جنوبی معدنیاتی علاقوں کے عمائدین نے الزام عائد کیا ہے کہ دمیل اور ارندو سمیت خطے کے قیمتی معدنی وسائل میں اربوں روپے کی کرپشن ہو رہی ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، ڈی جی نیب، ڈی جی اینٹی کرپشن اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے مطالبہ کیا کہ اس کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

چترال پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے الزام لگایا کہ فرنٹ مین کے ذریعے معدنی ذخائر پر قبضہ کیا گیا، سونے اور کاپر کی غیر قانونی کان کنی کی گئی اور جعلی کمپنیوں کو ملی بھگت اور سیاسی سفارش کے ذریعے لیز فراہم کی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ 2022 میں اس وقت کے سیکرٹری معدنیات ہمایون خان نے اپنے قریبی ساتھی حمید اللہ شاہ کے ساتھ مل کر فرنٹ مین فیصل سلیم کے ذریعے پاکستان کے سب سے بڑے آئرن اوور ڈپازٹ، دمیل، میں لیز حاصل کی۔ اس مقام سے تقریباً 35 ہزار ٹن آئرن اورو چین کو برآمد کیا گیا، جس کی مالیت ساڑھے چار ارب روپے بنتی ہے۔

رہنماؤں نے مزید کہا کہ فیصل سلیم نے جعلی آڈٹ رپورٹ کے ذریعے منافع چھپایا اور قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا۔

ان کے مطابق اس وقت کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کی ایماء پر "میگاپاراچنار” کے نام سے ایک کمپنی بنائی گئی اور غیر معروف اخبارات میں نیلامی کے اشتہارات شائع کرکے مائننگ لیز اس کمپنی کو دی گئی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ اگرچہ محکمہ معدنیات نے بعد میں یہ لیز کینسل کی، لیکن اب دباؤ ڈال کر اسے دوبارہ بحال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ متعلقہ کمپنی 27 کروڑ روپے کی نادہندہ ہونے کے باوجود "گرین شیٹ” حاصل کرنے کے قریب ہے، جو مزید کرپشن کا راستہ ہموار کرے گی۔