خیبرپختونخوا حکومت کی طرف سے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے 35 ٹرک امدادی سامان روانہ

اشتہارات

پشاور (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر افغانستان میں حالیہ زلزلے سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 35 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان طورخم کے راستے روانہ کر دیا گیا۔

یہ امدادی کھیپ برادر ملک افغانستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی اور مشکل وقت میں تعاون کے جذبے کے تحت فراہم کی گئی ہے۔

طورخم میں ایک تقریب کے دوران افغانستان کے قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر کی موجودگی میں یہ امداد افغان حکام کے حوالے کی گئی۔ امدادی سامان میں دو ٹرک ادویات سمیت 500 ونٹرائز ٹینٹس، 500 فیملی سائز ٹینٹس، 1000 ترپال، 1500 گدے، 3000 تکیے، 1500 رضائیاں اور 500 کمبل شامل ہیں۔

حکام کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کا یہ اقدام دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان بھائی چارے اور انسانی ہمدردی کی ایک روشن مثال ہے، جس سے متاثرہ خاندانوں کو شدید سردی اور مشکلات کے دوران فوری ریلیف میسر آئے گا۔