چترال سے افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل شروع، متعدد خاندان اپنے وطن روانہ

آنے والے دنوں میں مزید افغان مہاجرین واپس جائینگے

اشتہارات

چترال (چ۔پ) حکومت کی جانب سے افغان مہاجرین کی واپسی کے فیصلے اور دی گئی ڈیڈلائن کے بعد چترال میں طویل عرصے سے مقیم افغان خاندان وطن واپسی کے سفر پر روانہ ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ دو دنوں کے دوران 6 سے 7 افغان خاندان لواری ٹنل کے راستے طورخم کی جانب روانہ ہوئے، جبکہ اس سے قبل بھی کچھ خاندان اگست کے آخری ہفتے میں واپس چلے گئے تھے۔

ضلعی انتظامیہ نے ان کی باعزت واپسی کے لیے ٹرانسپورٹ، راستے میں کھانے پینے اور ضرورت پڑنے پر علاج معالجے کی سہولت فراہم کی ہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق افغان مہاجرین کی واپسی کا یہ عمل جذباتی مناظر سے بھرپور ہے، کیونکہ کئی دہائیوں تک ساتھ رہنے والے ان خاندانوں کے اچانک رخصت ہونے پر سبھی رنجیدہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئندہ دنوں میں مزید افغان خاندان بھی چترال سے اپنے آبائی وطن کو لوٹیں گے۔