تجاریونین کی طرف سے اتوار کے دن چھٹی، چترال بازار میں جزوی کامیاب

اشتہارات

*چترال(بشیرحسین آزاد )تجار یونین چترال کی کابینہ کی طرف سے چترال بازار میں مہینے کے آخری اتوار کی چھٹی پچھلے مہینے کی نسبت اس مہینے ناکام رہی۔

گزشتہ روز صدر تجار یونین کی طرف سے اعلان کیا گیا کہ بازار اتوار 24اگست کو بند رہے گی تاہم چترال بازار کے اکثر تجار برادری نے صدر کے اس حکم کواس لئےماننے سے انکار کردیا اور دکانیں کھول کر یہ موقف اختیار کیا کہ اس مہینے کی آخری اتوار 31 اگست کو ہے اور چھٹی24 اگست کو کی گئی،اس لئے چھٹی 31اگست کوہوناچاہیئے تھا۔

دوسری طرف چترال کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والوں نے اتوار کے روز کی چھٹی کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ اکثر سرکاری ملازمین اتوار کے روزخریداری کے لئے مارکٹیوں کارخ کرتے ہیں، مارکیٹیں بند ہونےکی وجہ سے ان کو تکالیف اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

چترال کے بعض دکانداروں نے اتوار کی چھٹی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکثر دکانداروں نے بھاری کرایے پر دکان لیے ہوئے ہیں، اس کے علاوہ رہائش کے خرچے کے ساتھ دوسرے اخرجات بھی بہت ہیں۔

اتوار کی چھٹی کی وجہ سے مسافروں کو ریسٹورنٹ وغیرہ کی بندش کی وجہ سے بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ تجار یونین کی طرف سے پچھلے مہینے کی اتوار کی چھٹی 98 فیصد کامیاب رہی تھی مگر اس بار 70فیصد دکانیں بند اور 30فیصد دکانیں کھلی رہی اسلئے اس چھٹی کوناکام قراردیاجارہاہے۔