چترال میں گوشت کے نرخ میں اضافہ سے صارفین نالاں، فیصلے پر نظر ثانی کا مطالبہ

اشتہارات

چترال (چ،پ) ضلعی انتظامیہ اور پرائس ریویو کمیٹی کی جانب سے چھوٹے اور بڑے گوشت کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر صارفین نالاں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، ضلعی انتظامیہ نے حالیہ دنوں میں چھوٹے اور بڑے گوشت کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس سے عوام میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

انتظامیہ کے جاری کردہ نئے نرخ نامے کے مطابق، چھوٹے گوشت کی فی کلو قیمت 1400 روپے اور بڑے گوشت کی فی کلو قیمت 1000 روپے مقرر کی گئی ہے۔

بعض صارفین نے چترال پوسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے شکایت کی کہ قصاب پچھڑے کے گوشت کو بھی چھوٹا گوشت قرار دے کر مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں، جو کہ سراسر زیادتی ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے گوشت کی قیمت میں حالیہ اضافہ بلاجواز ہے اور یہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو مزید مشکلات میں مبتلا کرنے کے مترادف ہے۔

صارفین نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اضافے کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل چھوٹا گوشت 1200 روہے کلو اور بڑا گوشت 800 روہے کلو تھا اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے فی کلو 200 روہے کا ایکدم اضافہ کیا گیا ہے۔