ماں کے دودھ کی افادیت: بونی میں آگاہی اجلاس اور واک کا انعقاد

بونی(چترال پوسٹ) ماں کے دودھ کی افادیت کے بارے میں آگاہی کے عالمی مہینے (اگست) کی مناسبت سے ایک اہم اجلاس ڈی ایچ او آفس بونی اپر چترال میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اپر چترال ڈاکٹر فرمان ولی خان نے کی۔
اجلاس میں تمام ہیلتھ فیسلٹی انچارجز، نرسز، ایل ایچ ایس، ایل ایچ ڈبلیو، مانیٹرنگ آفیسر آئی ایم یو ڈاکٹر فواد، آئی ایم او اپر چترال اسدالرحمن، اور اشرف وزیر سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں ایل ایچ ڈبلیو کوآرڈنیٹر حمیدہ یونس نے شرکاء کو بریفنگ دی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فرمان ولی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی ادارۂ صحت کے مطابق بچے کی پہلی اور بہترین خوراک ماں کا دودھ ہے، اور پیدائش کے بعد کم از کم چھ ماہ تک بچے کو اس کے علاوہ کچھ نہیں دینا چاہیے، کیونکہ اس کا کوئی نعم البدل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس پیغام کو گھر گھر تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ڈاکٹر فرمان ولی خان نے مزید کہا کہ اسلام اور سائنس دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ بچے کے لیے ماں کا دودھ نہایت ضروری ہے، لہٰذا آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جانا چاہیے۔
کوآرڈنیٹر ایل ایچ ڈبلیو حمیدہ یونس نے بتایا کہ مشاہدے کے مطابق وہ بچے جنہیں مائیں دودھ پلاتی ہیں، زیادہ صحت مند اور توانا ہوتے ہیں، اس لیے اس حوالے سے آگاہی پھیلانا بے حد ضروری ہے۔
اجلاس کے اختتام پر ماں کے دودھ کی افادیت کے پیغام کو گھر گھر پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور ایک آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا۔