آئیڈیل فٹبال کلب نے دروش چیمپئنز لیگ 2025 کا تاج اپنے سر سجا لیا

چیمپئنز لیگ کا انعقاد لنگہ فائٹر کلب نے کیا تھا جسمیں 16 ٹیموں نے حصہ لیا

اشتہارات

دروش(چ،پ)کرنل مراد اسٹیڈیم دروش میں جاری رہنے والا دلچسپ فٹبال ایونٹ "دروش چیمپئنز لیگ سیزن 2” شاندار اختتام کو پہنچا، جس کا فائنل میچ آئیڈیل فٹبال کلب دروش نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنلٹی شوٹ آؤٹ کے میں جیت کر چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
فائنل میچ آئیڈیل ایف سی اور جنالی ایف سی کے درمیان کھیلا گیا، جو مقررہ وقت میں ایک ایک گول سے برابر رہا۔ میچ کا فیصلہ پنلٹیز پر ہوا، جہاں آئیڈیل ایف سی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کے مقابلے میں 4 گول کر کے فتح حاصل کی۔
فائنل میچ میں چترال کے مایہ ناز کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جبکہ آئیڈیل کلب کے گول کیپر منصور کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ اور محمد یعقوب کو مسلسل بہترین کارکردگی پر مین آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔آئیڈیل کلب کی قیادت سیکرٹری عمران احمد، کوچ امید ذاکر، کپتان فیصل عباس اور نائب کپتان محمد ذیان نے کی۔

فائنل تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ڈویژن کے نائب صدر رضیت باللہ اور چترال کے سینئر نائب صدر حاجی گل نواز تھے، جبکہ دیگر سیاسی و سماجی شخصیات سمیع اللہ ثمین، نذیر اللہ، جاوید عالم، اعجاز عالم و دیگر بھی موجود تھے۔

تماشائیوں کی بڑی تعداد فائنل میچ سے لطف اندوز ہونے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود تھی۔ مہمانِ خصوصی حاجی گل نواز نے ٹورنامنٹ انتظامیہ کے لیے 15 ہزار، فاتح ٹیم کے لیے 10 ہزار، اور رنر اپ ٹیم کے لیے 5 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان کلب "لنگہ فائٹرز” کے صدر عبدالقادر نے تمام مہمانوں اور شریک ٹیموں کا شکریہ ادا کیا اور اعلان کیا کہ دروش چیمپئنز لیگ کا آئندہ سیزن مزید جوش و خروش اور وسعت کے ساتھ منعقد کیا جائے گا۔