عطاری گروپ آف کمپنیز کی طرف سے چترال میں پہلی مرتبہ بزنس سمٹ منعقد کیا جا رہا ہے
ملک کے مختلف علاقوں سے سرمایہ کار، کاروباری شخصیات اور ماہرین شرکت کریں گے

چترال (چترال پوسٹ) پاکستان کے معروف کاروباری ادارے عطاری گروپ آف کمپنیز کی جانب سے چترال میں پہلی مرتبہ ایک بڑے اور منفرد کاروباری سمٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد علاقے میں کاروبار، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع کو فروغ دینا ہے۔ چترال بزنس سمٹ کے عنوان سے یہ اہم تقریب 29 جون کو بلچ چترال میں "چترال رائل ہومز” کی سائٹ پر منعقد ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اس سمٹ میں ملک کے مختلف علاقوں سے سرمایہ کار، کاروباری ماہرین، اور انٹرپرینیورز شرکت کریں گے جبکہ اسکے علاوہ مقامی سر مایہ کار اور کاروباری طبقے کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو مدعو کیا جائے گا۔
تقریب کا مقصد چترال میں دستیاب کاروباری امکانات، سرمایہ کاری کے مواقع، اور موجودہ کاروبار کو وسعت دینے پر غور و فکر اور اشتراکِ پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔
یہ سمٹ چترال میں اپنی نوعیت کی پہلی بڑی تقریب ہوگی جس میں مقامی نوجوانوں اور کاروباری خواتین و حضرات کو نہ صرف اپنی کاروباری تجاویز پیش کرنے کا موقع ملے گا بلکہ منتخب اور قابل عمل تجاویز کے لیے مالی معاونت اور تکنیکی رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی۔ یہ اقدام چترال میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور مقامی سطح پر روزگار کی فراہمی میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
عطاری گروپ آف کمپنیز کی اس اقدام کو چترال میں کاروبار کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جو مقامی کاروباری ماحول کو قومی سطح سے جوڑنے اور دیرپا معاشی ترقی کی بنیاد رکھنے میں مدد دے گا۔